ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / گوپال گنج زہریلی شراب سانحہ معاملے میں 15پولیس اہلکار معطل

گوپال گنج زہریلی شراب سانحہ معاملے میں 15پولیس اہلکار معطل

Fri, 19 Aug 2016 20:46:09    S.O. News Service

پٹنہ؍گوپال گنج، 19؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)گوپال گنج میں ٹاؤن پولیس تھانے کے سبھی پولیس اہلکاروں کو زہریلی شراب سانحہ کے سلسلے میں معطل کر دیا گیا ہے۔اس حادثے میں 16افراد کی موت ہو گئی تھی۔پولیس سپرنٹنڈنٹ روی رنجن کمار نے میڈیا کو بتایا کہ ٹاؤن پولیس تھانے کے افسر سمیت 15پولیس اہلکاروں کو کل ڈیوٹی کی ادائیگی میں لاپرواہی برتنے کے الزام میں معطل کر دیا گیا۔اس تھانے کے تحت کھجوربننی علاقے میں ہی یہ ساتحہ پیش آیا تھا ۔اپریل میں بہار میں مکمل شراب بندی نافذہونے کے بعد سے یہ پہلا بڑا واقعہ ہے۔مجرم پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے والے ایس پی نے بتایا کہ سنتوش کمار کو پولیس تھانے کا نیا انچارج مقرر کر دیا گیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ راہل کمار نے بتایا کہ اس درمیان کل پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں ایک اور متاثر ہ شخص کی موت ہو گئی، جس سے مرنے والوں کی تعداد 16تک پہنچ گئی۔پی ایم سی ا یچ کے پرنسپل ایس این سنگھ نے بتایا کہ چار دیگر لوگ ابھی بھی وہاں زیر علاج ہیں۔زیر علاج چاروں متاثرین کے آنکھوں کی روشنی کھو دینے کی خبر پر سوال پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ آنکھوں کے ڈاکٹروں کو ان کی جانچ کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔میڈیا میں ان چاروں کی آنکھوں کی روشنی ضائع ہو جانے کی خبریں آ رہی ہیں۔ڈی ایم نے بتایا کہ کل شام مظفر پور فارنسک سائنس لیبارٹری کی ٹیم کو ہلاک ہونے والوں کے خون اور آنتوں کی رپورٹ سونپ دی گئی، وہیں پوسٹ مارٹم رپورٹ سے کچھ پتہ نہیں چل پایا ہے۔ڈی ایم نے کہا کہ ایک دوسرے شخص کو بھی اس معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے، جس سے گرفتار کئے گئے لوگوں کی تعداد اب 7 ہو گئی ہے۔ایس پی نے کہا کہ سات دیگر مجرم اب بھی فرار ہیں اور ان کی گہرائی سے تلاش اب بھی جاری ہے۔آبکاری محکمہ کے پرنسپل سکریٹری کے کے پاٹھک اس معاملہ کے سلسلے میں آج گوپال گنج کا دورہ کریں گے۔وزیر اعلی نتیش کمار جنہوں نے گوپال گنج سانحہ پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا ، نے کہا کہ قصورواروں پر سخت نئے شراب قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔


Share: